02/09/2020
وزیر اعظم پاکستان کےملک بھر میں ٹیکس نظام کو ترویج دینے کے ویثرن پر عمل درآمد کرتے ہوئے چیرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کی رھنمائی میں ایف بی آر اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے درمیان ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ وزارت وفاقی تعلیم وپروفیشنل ٹریننگ میں ہونے والی اس تقریب میں وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود ، چیئر مین ایف بی آر اور سیکریٹری ریوینیو ڈو یثرن محمد جاوید غنی، پارلیمانی سیکریٹری برائے وزارت وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وجیجہ اکرم، سیکریٹری وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ فرح حامد خان، ممبر فیٹ ایف بی آر بختیار محمد اور ایڈیشنل سیکریٹری وزارت وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ محی الدین وانی نے شرکت کی۔ فیڈرل ڈائیریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی طرف سے ڈایئریکٹر جنرل ایف ڈی ای ضیاء بتول اور فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کی طرف سے چیف فیٹ عائشہ فاروق نے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت ایف بی آر وفاقی درس گاہوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے لئے ٹیکس کلچر اور ٹیکس آگاہی کو فروغ دینے کے لئے ٹریننگ سیشنز کا انعقا د کرے گا۔ معاہدے کے تحت تربیتی سیشنز کے دوران اساتذہ اور طلبہ کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے ٹیکس کی ملکی ترقی میں اھمیت، ٹیکس ادا کرنے اور ٹیکس چوری کی نشاندھی جیسے اھم موضوعات کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ وہ آ ج کے طالب علم کل کے ذمہ دار شہری ہونے کا کردار ادا کر سکیں۔ ایف بی آر دو لاکھ بیس ہزار طلبہ اور سات ہزار پانچ سو اساتذہ کو ٹیکس سے متعلقہ نصاب ، ٹریننگ سیشنز اور سیمینارز کے ذریعے تربیت فراہم کرے گا۔یہ معاہدہ تین سال کے لئے قابل عمل رہے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے نئی نسل کو ٹیکس کے متعلق آگاہی پھیلانے کی اس کوشش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایف بی آر اسی طرز پر تمام صوبوں کے ساتھ بھی ان تربیتی سیشنز کا انعقاد کریں گا۔ چئیرمین ایف بی آر محمد جاوید غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایف بی آر ٹیکس کلچر کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے اور ملک بھر میں ٹیکس سے متعلق آگاہی سیشنز اور سیمینار کرانے کو عملی جامہ پہنا رہا ہے تاکہ عوام کو ٹیکس کے بارے میں مزید آگاہی اور شعور دیا جا سکے۔ ان اقدامات کی بدولت ٹیکس گزاروں کی تعداد بڑھانے اور ریوینیو میں اضافہ ممکن ہو گا۔