30/07/2026
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف سوشل میڈیا کنٹینٹ کریئٹر اور انفلوئنسر لیوک فرینکلن، جو انٹرنیٹ کی دنیا میں "بگ فرینک" (Big Frank) کے نام سے مشہور ہیں، نے دبئی منتقل ہونے کے بعد اسلام کی تعلیمات اور مسلمانوں کے اخلاق سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔
اپنی کلمہ شہادت کی وائرل ویڈیو میں انہوں نے انتہائی جذباتی انداز میں اپنے دل کی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب کے لیے ایک بہت اچھی اور خوش کن خبر لائے ہیں کیونکہ انہوں نے ابھی ابھی کلمہ شہادت پڑھ لیا ہے اور اب وہ باقاعدہ اور آفیشل طور پر مسلمان ہو چکے ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اس وقت بہت زیادہ جذباتی محسوس کر رہے ہیں اور ان تمام لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے اب تک کے سفر میں ان کا ساتھ دیا اور انھیں سپورٹ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس وقت اپنے آنسو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ وہ روایتی طور پر جذباتی ہو رہے ہیں، لیکن وہ اندر سے بہت ہی شاندار اور پرجوش محسوس کر رہے ہیں۔ فرینک کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان کی اور فیملی کی زندگی بدل کر رکھ دے گا، اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس نئے سفر کے ذریعے آگے چل کر دوسرے لوگوں کی زندگیوں میں بھی مثبت تبدیلی لا سکیں گے۔ انہوں نے اپنے تمام نئے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتے ہوئے سب کے لیے اچھے دن کی خواہش ظاہر کی۔