04/03/2021
دیر سے گوشوارے داخل کرنے والے افراد سرچارج ادائیگی کے بعد ایکٹیو ٹیکس پئیرز لسٹ میں شامل ہو سکتے ہیں، ایف بی آر
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس سال 2020 کی ایکٹیو ٹیکس پئیر لسٹ یکم مارچ 2021 کو جاری کر دی ہے۔ اپ ڈیٹیڈ لسٹ ایف بی آر کی ویب سائٹ پر ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔ 28 فروری 2021 تک ٹیکس سال 2020 کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ 23 ہزار تھی جو کہ پچھلے سال 28 فروری 2020تک 24 لاکھ 30 ہزار تھی۔ ٹیکس سال 2020 کے لئے داخل کئے گئے ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 49.6 ارب روپے ٹیکس سال 2019 کے لئے 28 فروری 2020 تک داخل کئے جانے والے ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس کے مقابلے میں 60 فیصد زائد ہے۔
ٹیکس سال 2020 میں 5 لاکھ 9 ہزار 39 فائلرزایسے بھی ہیں جنہوں نے آخری تاریخ کے بعد گوشوارے داخل کئے ہیں یا پھر متعلقہ کمشنرز کی طرف سے توسیع شدہ تاریخ کے بعد گوشوارے داخل کئے ہیں اور اے ٹی ایل سرچارج ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے ایکٹیو ٹیکس پئیر لسٹ میں شامل نہیں۔ اے ٹی ایل سرچارج جمع کرانے کے بعد ایسے افراد بھی ٹیکس سال 2020 کی ایکٹیو ٹیکس پئیر لسٹ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ کمپنیز کے لئےاے ٹی ایل سرچارج 20،000 روپے ، ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لئے 10،000 روپے اور افراد کے لئے اے ٹی ایل سرچارج 1000 روپے ہے۔ایف بی آر ایسے تمام ٹیکس گزاروں کو ترغیب دیتا ہے کہ وہ عائداے ٹی ایل سرچارج ادا کرکے اے ٹی ایل میں شامل ہونے کے فوائد حاصل کریں۔
اسی طرح وہ ٹیکس گزار جو ٹیکس سال 2020 کے انکم ٹیکس گوشوارے اب تک داخل نہیں کر سکے وہ بھی اے ٹی ایل سرچارج کے ساتھ ٹیکس گوشوارے داخل کریں اور اے ٹی ایل کے فوائد حاصل کریں۔