27/09/2021
وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ہر ماہ تسلسل سے کی جانے والی ای کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے ای کچہری کے ذریعے ٹیکس گزاروں کی آن لائن شکایات سنیں اور ٹیکس گزاروں نے کال کرکے براہ راست چیئرمین ایف بی آر کو مسائل سے آگاہ کیا۔
چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ایف بی آر ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے شکایات کے تدارک کے لئے فوری احکامات جاری کئے اور ٹیکس گزاروں کی طرف سے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایاکہ ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ چئیرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں اپنے قریبی ریجنل ٹیکس دفتر اور کسٹمز کولیکٹوریٹ سے رجوع کریں۔
چئیرمین ایف بی آر نے تمام فیلڈ دفاتر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹیکس گزاروں کے تمام مسائل کو فوری طور پرحل کیا جائے اور واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔