30/10/2025
کراچی میں ٹریفک قوانین کے خلاف ورزیوں کے خلاف ای چالان مہم تیسرے دن بھی جاری رہی اور پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 979 ڈرائیورز کو جرمانے بھیجے۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کارروائی سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والوں کے خلاف ہوئی، جن کی تعداد 3 ہزار 258 رہی۔ اسی طرح بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں پر 1 ہزار 294، تیز رفتاری پر 655 اور سگنل توڑنے پر 357 چالان کیے گئے۔ موبائل فون استعمال کرنے، غلط سمت آنے اور کالے شیشے والی گاڑیوں پر بھی کارروائی کی گئی۔ تین دنوں میں کل 12 ہزار 942 چالان ہوچکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقصد شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنا ہے۔
تاہم عوام کی ایک بڑی تعداد یہ سوال بھی اٹھا رہی ہے کہ کیا یہ کیمرے صرف شہریوں کے چالان ہی کریں گے یا پھر شہر میں بڑھتے موبائل چھیننے، ڈکیتی اور بے گناہ شہریوں کے قتل پر بھی نظر رکھیں گے؟ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ سیف سٹی نظام صرف جرمانوں تک محدود نہ رہے بلکہ حقیقی سیکیورٹی کے لیے بھی مؤثر ثابت ہو۔