09/10/2026
ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) نے ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز 2027 جاری کردی، جس میں دنیا کے 118 ممالک اور خطوں کی 2,297 جامعات کو شامل کیا گیا ہے۔
رینکنگ کے مطابق پاکستان کی 108 جامعات کو مجموعی درجہ بندی کے نظام میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان میں ’’قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد‘‘ سب سے نمایاں رہی، جسے عالمی سطح پر 551 سے 600 کی رینکنگ بینڈ میں رکھا گیا ہے۔
اسلام آباد ہی کی’’نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST)‘‘ کو 601 سے 650 کے بینڈ میں جگہ ملی، جبکہ ’’COMSATS یونیورسٹی اسلام آباد‘‘651 سے 700 کے بینڈ میں شامل ہے۔
اسی طرح ’’بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان‘‘ اور ’’یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد‘‘ دونوں کو 701 سے 800 کے عالمی رینکنگ میں رکھا گیا ہے۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کے مطابق بعض جامعات کو باقاعدہ رینک یا رینکنگ بینڈ دینے کے بجائے ’’Reporter‘‘ کا درجہ دیا جاتا ہے۔ یہ درجہ ان اداروں کو ملتا ہے جو رینکنگ کے لیے اپنا ڈیٹا جمع کراتے ہیں، تاہم سرکاری درجہ بندی کے لیے مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔
کسی یونیورسٹی کو رینکنگ سے باہر رکھنے کی وجوہات میں انڈرگریجویٹ طلبہ کو تعلیم نہ دینا، تحقیق کی کم از کم مطلوبہ پیداوار پوری نہ کرنا یا تحقیق کا بہت زیادہ حصہ صرف ایک ہی شعبے تک محدود ہونا شامل ہے۔