14/07/2026
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی انڈونیشی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت، کیٹی بندر پورٹ اور جدید ڈیجیٹل منصوبوں کا اعلان
کراچی (14 جولائی): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انڈونیشیا کے سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کیٹی بندر میں نئے گہرے سمندری بندرگاہ (ڈیپ سی پورٹ) کی تعمیر، کراچی میں سندھ انٹرنیشنل فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام اور سستی توانائی سے چلنے والے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس جدید ڈیٹا سینٹرز کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
پاکستان۔انڈونیشیا سرمایہ کاری و بزنس فورم سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، قابلِ تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور زرعی شعبوں میں بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فورم دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور تجارتی شراکت داری کو مزید فروغ دے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی، دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات موجود ہیں، جنہیں مضبوط معاشی روابط کے ذریعے مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سندھ کو پاکستان کی معیشت کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کا مالی و تجارتی حب ہے، جہاں عالمی معیار کی بندرگاہیں، صنعتی زونز، مالیاتی ادارے اور کاروباری ماحول موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیٹی بندر پورٹ کی تعمیر سے تجارت، لاجسٹکس اور سمندری کاروبار کے شعبوں میں نئی راہیں کھلیں گی، جبکہ کراچی میں سندھ انٹرنیشنل فیسیلیٹیشن سینٹر سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولتیں فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت سے لیس جدید ڈیٹا سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت قابلِ تجدید توانائی، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، فارماسیوٹیکل، مینوفیکچرنگ، آئی ٹی اور ویلیو ایڈڈ صنعتوں میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مجوزہ جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (CEPA) کو دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اہم قرار دیا