16/05/2026
*لیسکو، 14کلو واٹ سے زائد سولر سسٹم پر اپنا ٹرانسفارمر لگانا لازمی قرار*
May 15, 2026
لاہور(آئی این پی) الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو نے نئی سولر پالیسی کے تحت 14کلو واٹ سے زائد سسٹم پر اپنا ٹرانسفارمر لگانا لازمی قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر سسٹم لگوانے والے صارفین کیلئے نئے قواعد و ضوابط متعارف کروا دئیے۔ نئی پالیسی کا مقصد ہائی لوڈ والے سولر سسٹمز کو ریگولیٹ کرنا اور بجلی کے ترسیلی نظام پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنا ہے۔لیسکو کی نئی ہدایات میں کہا کہ ایسے صارفین جو 14کلو واٹ تک کا سولر سسٹم نصب کرنا چاہتے ہیں، وہ پرانے طریقہ کار کے مطابق اپنا سسٹم لگوا سکیں گے۔کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ صارفین جو 14 کلو واٹ سے زائد صلاحیت کا سولر سسٹم لگانا چاہتے ہیں، ان کیلئے اب ذاتی ٹرانسفارمر خریدنا اور نصب کرنا لازمی ہوگا، بصورتِ دیگر انہیں نیٹ میٹرنگ کی اجازت نہیں دی جائیگی۔پالیسی کے تحت لیسکو اور صارف کے درمیان 5 سالہ معاہدہ طے پائیگا، جس کے تحت صارف کو مذکورہ مدت تک بجلی پیدا کرنے اور اسے گرڈ میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔صارفین کی سہولت اور شفافیت کیلئے پورا عمل ڈیجیٹل کر دیا گیا، درخواستیں صرف مجاز کمپنیوں کے ذریعے مکمل طور پر آن لائن جمع کروائی جا سکیں گی درخواست کی منظوری کے بعد نیپرا کی جانب سے جنریشن لائسنس جاری کیا جائیگا۔آخری مرحلے میں لیسکو سسٹم کو گرڈ سے منسلک کر دیگا لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جہاں بڑے پیمانے پر بجلی پیدا کرنے والے صارفین کیلئے لائسنسنگ کا عمل آسان ہوگا، وہاں سسٹم کی ٹیکنیکی بنیادوں پر نگرانی بھی بہتر طریقے سے ہو سکے گی۔