06/06/2026
فیصل اباد (کرائم رپورٹر معظم علی سے)
فیصل آباد پولیس نے 60 سالہ شہری کے اغواء اور قتل کے اندھے مقدمے کا سراغ لگاتے ہوئے داماد سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقتول رشید کو اس کے داماد رضوان نے اپنے ساتھیوں وقاص، عمر حیات اور حمزہ کے ساتھ مل کر اغواء کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں قتل کر دیا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ رضوان نے مقتول کی بیٹی ملائکہ سے پسند کی شادی کی تھی، تاہم مقتول نے اسے گھر آنے سے منع کر دیا تھا جس پر ملزم دل میں رنجش رکھتا تھا۔ ملزمان نے قتل کے بعد نعش کو گھر کے صحن میں دفن کر کے اغواء کا ڈرامہ رچایا اور شواہد مٹانے کی کوشش کی، لیکن ایس ایچ او ساہیانوالہ آفتاب وسیم نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے بلائنڈ مرڈر کیس ٹریس کر لیا۔ پولیس نے گھر کے صحن سے مقتول کی نعش کی باقیات برآمد کر کے تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ سی پی او تنویر حسین کا کہنا ہے کہ قاتل کتنی ہی چالاکی کیوں نہ کریں، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔