14/08/2026
یومِ آزادی پر پنجاب پولیس اور وارڈن پولیس کو سرخ سلام 🇵🇰
ہماری آپ سے لاکھ دشمنیاں سہی، لاکھ اختلافات سہی۔
غلط چالانوں پر اعتراض بھی ہے، شہریوں کو بےجا تنگ کرنے پر شکایات بھی ہیں، اور غریب آدمی پر غیرضروری بوجھ ڈالنے والے اقدامات سے اختلاف بھی اپنی جگہ موجود ہے۔
لیکن آج 14 اگست ہے… اور آج دل کھول کر آپ کی تعریف کرنا بنتی ہے۔
آج پنجاب پولیس اور ٹریفک وارڈنز پنجاب نے جس ذمہ داری، صبر اور تندہی کے ساتھ اپنی ڈیوٹی انجام دی، وہ واقعی قابلِ ستائش ہے۔ 🇵🇰👏
آج ہزاروں خاندان اپنے بچوں کے ساتھ گھروں سے نکلے، آزادی کا جشن منانے سڑکوں پر آئے۔ سڑکوں پر غیرمعمولی رش تھا، ٹریفک کا دباؤ تھا، نوجوانوں کا جوش تھا، اور بعض جگہ حالات قابو سے باہر ہونے کا خدشہ بھی تھا۔
لیکن آپ کے جوان سڑکوں پر موجود رہے۔
انہوں نے ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوشش کی، فیملیز کو محفوظ راستہ فراہم کیا، ون ویلنگ، ہلڑ بازی، خطرناک ڈرائیونگ اور سڑکوں پر بے ہنگم انداز میں گھومنے والے عناصر کو قابو میں رکھا، اور عام شہریوں کے لیے ایک نسبتاً محفوظ ماحول یقینی بنایا۔
شاید ہمیں ہمیشہ پولیس کی خامیاں زیادہ نظر آتی ہیں، لیکن آج ان کی محنت کو تسلیم کرنا بھی ہمارا فرض ہے۔
ہمیں نہیں معلوم یہ فیصلہ کس کا تھا، یہ حکمتِ عملی کس کی تھی، یا اس کے پیچھے کس افسر کی سوچ تھی… لیکن جس کسی نے بھی یہ انتظام کیا، آج ہم اسے دل سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
کیونکہ جب ہم اپنے بچوں اور خاندان کے ساتھ آزادی کا جشن منا رہے تھے، تب ہزاروں پولیس اہلکار اپنے گھروں سے دور، سڑکوں پر ہماری حفاظت اور سہولت کے لیے موجود تھے۔
وہ بھی کسی کے بیٹے ہیں، کسی کے شوہر ہیں، کسی کے باپ ہیں۔
ان کے گھر والے بھی آج انہیں اپنے ساتھ دیکھنا چاہتے ہوں گے۔
لیکن انہوں نے اپنی ڈیوٹی کو ترجیح دی۔
کل ممکن ہے ہماری شکایات پھر اپنی جگہ ہوں۔
کل ممکن ہے ہم دوبارہ آپ کے کسی چالان، کسی رویے یا کسی فیصلے پر تنقید کریں۔
لیکن آج نہیں۔
آج ہم اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہیں۔
آج ہم تنقید کو ایک طرف رکھتے ہیں۔
آج صرف شکریہ کہتے ہیں۔
آپ نے آج ہمیں صرف ٹریفک جام سے نہیں بچایا،
آپ نے ہمارے بچوں کے چہروں پر آزادی کی خوشی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔
پنجاب پولیس اور ٹریفک وارڈنز پنجاب آج کا سلام آپ کے نام۔ 🇵🇰🫡
پاکستان زندہ باد!
یومِ آزادی مبارک! 🇵🇰