08/08/2026
گھڑتل کلاں کے بچوں نے دسویں کے امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرلی!
گھڑتل کلاں کے لیے یہ بہت خوشی اور فخر کی بات ہے کہ اس سال دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات میں ہمارے بچوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ ہماری کئی بیٹیوں نے 1000 سے زائد نمبر حاصل کیے، جبکہ ہمارے بیٹے بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے۔ یہ کامیابی بچوں کی محنت، والدین کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔
گھڑتل کلاں سے تعلق رکھنے والے سیف اللہ ASI پولیس کی بیٹی مناہل نے 1161 نمبر حاصل کرکے انتہائی شاندار کارکردگی دکھائی۔ اگرچہ وہ فیصل آباد میں رہتی ہیں، لیکن ان کا تعلق گھڑتل کلاں سے ہے، اس لیے ان کی یہ کامیابی بھی ہمارے پورے گاؤں کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اسی طرح گھڑتل کلاں کے پروفیسر حافظ عبدالمجید صاحب، جو فیصل آباد میں رہتے ہیں، ان کی بیٹی تقدیس فاطمہ نے 1147 نمبر حاصل کیے اور اپنے اسکول کے ساتھ ساتھ گھڑتل کلاں میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کرکے گاؤں کا نام روشن کیا۔
علیزہ مبشر دختر مبشر حسین نے 1145 نمبر حاصل کرکے بھی شاندار کامیابی حاصل کی۔ علیزہ نے کیمسٹری میں 150 میں سے پورے 150 نمبر، ریاضی میں 146 اور ترجمۃ القرآن میں 97 نمبر حاصل کیے۔ ان کا نتیجہ گھڑتل کلاں کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے۔
عائشہ ایمان دختر عامر شہزاد نے 1110 نمبر حاصل کیے۔ عائشہ نے کمپیوٹر سائنس میں 147، ریاضی میں 144 اور اسلامیات میں 96 نمبر حاصل کرکے بہترین کارکردگی دکھائی۔
غضنفر حسین ممبر کی بیٹی مہرین غضنفر نے 1107 نمبر حاصل کرکے شاندار کامیابی حاصل کی اور گھڑتل کلاں کا نام روشن کیا۔
عبدالاحد، جو طارق سجاد ASI کے بیٹے ہیں اور اس وقت لاہور میں مقیم ہیں، نے 1107 نمبر حاصل کرکے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔
زینب افتخار دختر افتخار احمد نے 1101 نمبر حاصل کیے۔ زینب نے کیمسٹری میں 149، ریاضی میں 140 اور ترجمۃ القرآن میں 94 نمبر حاصل کیے۔
فیض الحسن ولد محمد شفیق نے 1081 نمبر حاصل کرکے ثابت کیا کہ گھڑتل کلاں کے بیٹے بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ دستیاب رزلٹ کے مطابق فیض الحسن نے کمپیوٹر سائنس میں 149، کیمسٹری میں 144 اور ریاضی میں 143 نمبر حاصل کیے۔
اس کے بعد تحریم فاطمہ نے 1073، عدن منیقہ نے 1070، کومل اعظم نے 1061، ہادیہ نور نے 1030 اور مناہل فاطمہ نے 1006 نمبر حاصل کرکے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یوں گھڑتل کلاں کے کئی بچوں نے 1000 سے زائد نمبر حاصل کرکے اس بات کو ثابت کردیا کہ ہمارے گاؤں کے بچے اور بچیاں تعلیم کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔
خاص طور پر مریم فاطمہ اسکول، سر بنیامین اور تمام اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں، جن کی محنت اور رہنمائی سے بچوں نے اتنے شاندار نتائج حاصل کیے۔ تمام کامیاب طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ان ہونہار بچیوں کی محنت اور حوصلے کو سراہنے کے لیے محمد اعظم راجہ، UK کی طرف سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ علیزہ، عائشہ اور زینب کو بطورِ حوصلہ افزائی فی کس 50,000 روپے دیے جائیں گے، جبکہ اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے 100,000 روپے کا تحفہ دیا جائے گا۔
محمد اعظم راجہ صاحب کا یہ خوبصورت قدم یقیناً قابلِ تحسین ہے اور اس سے ہمارے بچوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
ہم یہ بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ گھڑتل تیز کی پوسٹ میں ہمارے پاس دستیاب معلومات محدود تھیں، جس کی وجہ سے گھڑتل کلاں کے کچھ ہونہار بچوں اور بچیوں کے نام اور نتائج شامل نہیں ہو سکے تھے۔ بعد میں مزید معلومات موصول ہونے پر ہم نے ان طلبہ و طالبات کے نتائج بھی اس خبر میں شامل کیے ہیں۔
اگر کسی اور طالب علم یا طالبہ کا نام رہ گیا ہو تو براہِ کرم ان کا نتیجہ ہمارے ساتھ شیئر کریں تاکہ گھڑتل کلاں کے کسی بھی ہونہار بچے یا بچی کی کامیابی نظر انداز نہ ہو۔
یہ صرف چند بچوں کی کامیابی نہیں بلکہ پورے گھڑتل کلاں کی کامیابی ہے۔ آج ہماری بیٹیوں اور بیٹوں نے ثابت کردیا ہے کہ اگر انہیں تعلیم کا موقع، والدین کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی رہنمائی ملے تو وہ اپنے والدین کے ساتھ ساتھ پورے گاؤں کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
گھڑتل کلاں کے تمام ہونہار بچوں کو دل کی گہرائیوں سے بہت بہت مبارک ہو۔