27/04/2026
پروٹیکٹر رجسٹریشن
لازمی ضرورت
بیرون ملک کسی بھی قسم کی ملازمت کی صورت میں پروٹیکٹر کروانا لازمی ہے۔ اگر آپ سٹوڈنٹ ویزے، وزٹ ویزے یا کسی بھی ویزے پر بیرون ملک جاتے ہیں اور وہاں آپ کو ورک ویزہ ملتا ہے تو ایسی صورت میں آپ جب بھی پاکستان آئیں تو پروٹیکٹر کروانا لازمی ہے ورنہ آپ کو پاکستان سے روانگی کے وقت ایئرپورٹ پر روک لیا جائے گا جس سے آپ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پروٹیکٹر رجسٹریشن کے فوائد
انشورنس کورج
پانچ سال کے لیے دس لاکھ روپے کی انشورنس ہو جاتی ہے جو پروٹیکٹر کے لیے جمع کرائی گئی فیس میں شامل ہوتی ہے۔ خدا نخواستہ وفات کی صورت میں نامزد وارث کو دس لاکھ روپے دیے جاتے ہیں جبکہ معذوری کی صورت میں معذوری کی نوعیت کے مطابق دس لاکھ روپے تک کی امداد دی جاتی ہے۔ پانچ سال سے زائد بیرون ملک ملازمت پر آپ اس انشورنس کی مزید پانچ سال کے لیے تجدید (renewal) بھی کروا سکتے ہیں جس کا کل خرچ صرف 2500 روپے ہے۔
اضافی مالی امداد
وفات کی صورت میں اس انشورنس کی رقم کے علاوہ او-پی-ایف بھی چار لاکھ روپے ادا کرتی ہے جبکہ معذوری کی صورت میں بھی او-پی-ایف مالی امداد فراہم کرتا ہے۔
او-پی-ایف کی رکنیت
آپ اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او-پی-ایف) کے ممبر بن جاتے ہیں اور ان کی مختلف ویلفیئر سکیموں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کی تفصیل ان کی ویب سائٹ (www.opf.org.pk) پر موجود ہے۔
ملازمت کے معاہدے کا قانونی تحفظ
اگر آپ ملازمت کسی ریکروٹنگ ایجنسی کے ذریعے حاصل کرتے ہیں تو ریکروٹنگ ایجنسی اور آپ کے درمیان ہونے والے ملازمت کے معاہدے (جاب ایگریمنٹ) کو رجسٹر کیا جاتا ہے۔ اس کی تمام تفصیلات جیسے تنخواہ اور دیگر مراعات، مدتِ ملازمت، کھانا، رہائش، میڈیکل، کام کا دورانیہ وغیرہ ایک رجسٹریشن نمبر کے تحت درج ہو جاتی ہیں اور اس معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں ریکروٹنگ ایجنسی یا ایمپلائر کے خلاف قانونی کاروائی کی جاتی ہے۔